یکم تا 31 دسمبر، 2020
زمین
پنجاب کابینہ نے چولستان اور رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر کو دی گئی سرکاری زمین کی لیز میں گزشتہ نرخوں پر ہی توسیع دے دی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ زمین کی لیز میں توسیع کا عمل پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرے گا۔ اجلاس میں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر یو ڈی اے)کی زمین کے حصول کے لیے پانچ بلین روپے قرض اور اس کے ماسٹر پلان کے لیے سرکاری زمین کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
(ڈان، 18 دسمبر، صفحہ2)
سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے صدر سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بڈو اور بنڈل آئی لینڈ سے سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر قبضے کا آغاز کردیا ہے۔ پاکستان آئی لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آرڈننس کے حوالے سے ایک روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت 31 اگست کو آئین کو نظرانداز کرتے ہوئے آرڈننس لیکر آئی۔ ”سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکہ بازی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت نے اس آرڈننس کو خفیہ رکھا“۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت کی سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر نظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کی دفعہ 172 (2) اور میری ٹائم ایکٹ 1976 کے تحت یہ واضح ہے کہ سمندر میں 12 بحری میل (ناٹیکل مائل) کے اندر جو بھی معدنیات ہیں وہ صوبے کی ہیں۔
(ڈان، 29 دسمبر، صفحہ13) Continue reading